بنگلورو۔5؍اگست(ایس او نیوز) شہر بنگلور اور ریاست کے مختلف مقامات پر تجارت کیلئے مویشیوں کی نقل وحمل کے دوران انہیں روک کر غیر قانونی طور پر پکڑے جانے کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ اور آئے دن حقوق حیوانات کے نام پر قائم تنظیموں کی طرف سے مویشیوں کے تاجروں کو ہراساں کئے جانے کے سلسلے میں آج وزیر اعلیٰ ہچ ڈی کمار سوامی کو رکن اسمبلی جناب روشن بیگ کی قیادت میں جمعیت القریش بیف مرچنٹس کے ایک وفد نے میمورنڈم پیش کیا۔
اس میمورنڈم کو وصول کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہچ ڈی کمار سوامی نے وفد کو یہ یقین دہانی کرائی کہ مویشیوں کی پکڑ دھکڑ کے نام پر کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ اس وفد کی طرف سے میمورنڈم قبول کرنے کے بعد کمار سوامی نے فوری طور پر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نیلامنی راجو سے رابطہ کیا اور انہیں ہدایت دی کہ ریاست بھر کے تمام پولیس تھانوں کو یہ اطلاع دی جائے کہ جانوروں کی غیر قانونی پکڑ دھکڑ پر روک لگائی جائے اور مویشیوں کو نقل وحمل کے دوران روک کر تاجروں کو بے وجہ ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
جناب روشن بیگ نے بنگلور سمیت ریاست کے مختلف مقامات پر مویشیوں کی غیر قانونی طریقہ سے ضبطی اور حقوق حیوانات تنظیموں پرانی دیا سنگھا، پنجرا پول اور ان سب کی سرپرستی کرتے ہوئے ہندونواز تنظیم بجرنگ دل کے کارندوں کی طرف سے مویشیوں کی گاڑیوں کو روکے جانے مویشیوں کو لانے لیجانے والوں پر حملہ کرنے کے تقریباً پندرہ بیس واقعات کے تفصیلات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کرایا۔ اور بتایا کہ بعض معاملوں میں یہ حملے مقامی سطح پر پولیس کی ملی بھگت سے کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عنقریب عیدالاضحی کا تہوار آنے والا ہے اس موقع کا فائدہ اٹھا کر کچھ شرپسندوں کی طرف سے قربانی کیلئے لائے جانے والے مویشیوں کو روک کر حالات کو بگاڑنے کی سازش کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے یہ یقین دلایا کہ کسی بھی حال میں شرپسندوں کو قانون ہاتھ میں لینے کا موقع ہرگز نہیں دیا جائے گا۔
جناب روشن بیگ نے وزیر اعلیٰ سے گزارش کی کہ پولیس حکام کے ذریعہ ریاست کے تمام پولیس تھانوں کو یہ ہدایت دی جائے کہ مویشیوں کی غیر قانونی پکڑ دھکڑ میں شامل عناصر پر سخت نگرانی کی جائے اور ان کی طرف سے کسی بھی سرگرمی کی صورت میں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
اس وفد نے جناب روشن بیگ کے علاوہ جمعیت القریش بیف مرچٹنس چاریٹیبل ٹرسٹ کے چیرمین الحاج قاسم اعجاز قریشی، سکریٹری شفیع قریشی، چودھری رضوان قریشی اور دیگر قریش برادری کے احباب شامل رہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان احباب کو یقین دلایا کہ ان کی تجارت میں کسی طرح کا رخنہ نہ پڑنے پائے یہ قدم اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر جناب روشن بیگ نے قریشی برادری کے احباب کی طرف سے وزیر اعلیٰ کمار سوامی کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ نظم وضبط میں کسی طرح کا خلل نہ پڑے اس کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
اس موقع پر جناب روشن بیگ نے قریشی برادری اور بالعموم تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ بقرعید کے اہتمام کے مرحلے میں مویشیوں کو غیر ضروری طور پر سڑکوں پر گھمانے اور ان کی نمائش کرکے دیگر برادران وطن کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی حماقت سے گریز کریں۔ قربانی کے اہتمام کے مرحلے میں اپنے اپنے محلوں کی پاکی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ اس کے ذریعہ معاشرے میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ صحت مند ماحول بنائے رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔